فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں جمعرات کی شام یہودی آباد کاروں کے ایک ڈنڈہ بردار گروپ نے شہر کے جنوبی قصبے یطا میں کھیتوں میں کام کرنے والے فلسطینی کسانوں پر وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں متعدد کاشت کار زخمی ہوئےہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں کے تشدد کے نتیجے میں 43 سالہ خالد محمود ابو رجب زخمی ہوگیا۔ ابو رجب کی ٹانگ میں گہری چوٹیں آئی ہیں جس کے باعث اسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ الرجب کو وادی الحمص کے مقام پرتشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ادھرجنوبی بیت لحم میں الخضر قصبے کے قریب فلسطینی شہریوں اور یہودی آباد کاروں کے درمیان حوسان کے مقام پر تصادم ہوا۔ اس موقع پر صہیونی فوج یہودی آباد کاروں کو بچانے آگئی۔ قابض فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔