اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں آنے والی خبروں متنبہ کیا گیا ہے کہ پرسوں پیر کے روز نامعلوم ہیکرز نے اسرائیلی حکومت اور دیگر اہم اداروں کی ویب سائیٹس پر سائبر حملوں کی دھمکی دی ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹیلی ویژن 2 نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ نامعلوم سائبر حملہ آوروں کی جانب سے حساس اداروں، پولیس اور ملک کی بڑی کمپنیوں کی ویب سائیٹس پر حملے کیے جا سکتے ہیں۔ تمام اداروں کو آن لائن حملوں کے بارے میں الرٹ رہنا ہوگا۔
ٹی وی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حساس ادارے کسی بھی سائبر حملے کے خلاف جوابی کارروائی کے لیے تیار ہیں تاہم انہیں متوقع سائبر حملوں کے دفاع کے لیے محتاط رہنے کی سخت ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے والے کارکنوں نے اسرائیلی فوج سمیت مختلف اہم اداروں کی ویب سائیٹس پر حملے شروع کیے تھے جس کے نتیجے میں صہیونی ریاست کو غیر معمولی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔