غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں تین کے روز کے دوران جاری رہنے والی صہیونی فوج کی جارحیت کی مکمل حمایت کرتے ہوئے بے گناہ فلسطینیوں کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے "ٹویٹر” پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ کے علاقے میں شیرخوار بچوں اور خواتین سمیت 29 فلسطینیوں کو شہید کرنے کی حامیت کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ فلسطینیوں کے قتل کی وجہ فلسطینیوں کے راکٹ حملے ہیں جو اسرائیل پر برسائے گئے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کی 100 فی صد حمایت اور تائید کرتے ہیں۔ فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے اسرائیل پر حملے جارحیت ہے اور اس کے جواب میں اسرائیلی فوج کو دفاع کا حق حاصل ہے۔
اسی سیاق میں امریکی کانگریس کی دو مسلمان ارکان الھان عمر اور رشیدہ طلیب نے غزہ پر صہیونی فوج کی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔
رشیدہ طلیب نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ اسرائیلی فوج کی موجودہ جارحیت میں ہم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ فلسطینی قوم آزادی کے حصول کے لیے جدو جہد کر رہی ہے۔ اسرائیل فلسطینی قوم کی آزادی سلب کرنے کے لیے نہتے فلسطینی بچوں کو شہید کر رہا ہے۔
ادھر الھان عمر نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ جارحیت میں بچے شہید ہو رہے ہیں۔ اسرائیل کو فلسطینی بچوں کے قتل عام کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ عالمی برادری کو فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا سلسلہ بند کرانا ہوگا۔
خیال رہے کہ گذشتہ تین روز کے دوران غزہ پراسرائیلی فوج کے حملوں میں 29 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔