اسرائیلی ریاست کے دارالحکومت تل ابیب میں "بیت تکفا” کے ایک مصروف کاروباری مرکز میں چاقو سے حملے میں ایک یہودی آباد کار زخمی ہوگیا۔ اسرائیلی پولیس نے ایک نوجوان کو حراست میں لیا ہے جس پر یہودی آباد کار کو زخمی کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی جانب سے جاری کردہ اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ یہودی آباد کار پر حملہ تل ابیب میں بیلنسن اسپتال کے قریب پیش آیا۔ پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے جب کہ زخمی یہودی آباد کار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہودی آباد کار کو گہرے زخم آئے ہیں اور اسپتال میں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
دوسری جانب فلسطینی اور اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس میں حملہ آور کی شناخت تامر ریدات کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 22 سال اور رہائشی تعلق مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے الظاھریہ قصبے سے بتایا جاتا ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 10 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور نے متعدد یہودی آباد کار پر چاقو سے حملے کی کوشش کی اور ایک یہودی آباد کار کو زخمی کرنے کے بعد فرار ہو رہا تھا کہ پولیس نے اسے پکڑ لیا۔