شمالی فلسطین سے متصل شام کےمقبوضہ وادی گولان میں لبنان کی سرحد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد سرحد پر فوج کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوجی اس وقت زخمی ہوا جب وہ فوج کا ایک قافلہ معمول کے گشت میں مصروف تھا کہ نامعلوم اطراف سے اس پر فائرنگ کردی گئی۔ فائرنگ سے ایک فوجی کو معمولی زخم آئے ہیں جسے ابتدائی طبی امداد کےبعد اسپتال سے خارج کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پچھلے سال دسمبرمیں وادی گولان میں ایک ٹینک شکن راکٹ حملے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور سات زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد قابض فوج نے سرحد پر سیکیورٹی مزید سخت کردی تھی۔ اسرائیل کا الزام ہے کہ شامی فوج سرحد پار سے فوجی اہلکاروں پرحملوں میں ملوث ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین