(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) متحدہ عرب امارات نے بھی اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے "غرب اردن” کے علاقوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کے متنازع بیان کی کی سختی سے مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اماراتی وزیربرائے امور خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے سترہ ستمبر کو ہونے والے کنیسٹ کے انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ وادی اردن کو اسرائیل میں شامل کرنے کا اعلان ایک خطرناک پیشرفت ہے جو تمام بین الاقوامی معاہدوں اور قراردادوں کی کھلی توہین اور انتخابات کا خوفناک حد تک ناجائز استعمال اور انتخابات سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی بدترین شکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری عشروں سے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے کوششیں کررہی ہے۔ ایسے میں وادی اردن کو اسرائیل میں ضم کرنے کا اعلان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی مساعی کو تباہ کرنے کی منظم کوشش تصو کی جائے گی۔اماراتی وزیرخارجہ نے اسرائیلی وزیراعظم کے اشتعال انگیز اعلان پرسعودی عرب کی طرف سے اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کے مطالبے کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے انتخابی اعلان کا مقابلہ کرنا مسلمان ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمیں اسرائیلی لیڈرشپ کو ایسے اقدامات سے روکنا ہوگا جو تنازع فلسطین کے حل کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرسکتا ہے۔اتوار کے روز اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے جدہ میں وزرائے خارجہ کی سطح کا اجلاس طلب کیا ہے جو نیتن یاہو کے متنازع اعلان کے مضمرات پرغور کرے گا۔