نیویارک (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) امریکی شہر نیویارک میں ہفتے کے روز 30 مارچ کو فلسطین میں ’’یوم الارض‘‘ کے موقع پر فلسطینیوں کی حمایت میں ایک ریلی نکالی گئی جس میں اسرائیل کی مدد بند اور فلسطینیوں کو ان کے حقوق دلانے کا مطالبہ کیا گیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نیویارک میں احتجاجی مظاہرے میں فلسطینی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں کے ارکان اور سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر ’’فلسطینیوں کی آزادی پر عائد قدغنیں اٹھاؤ‘‘ کے نعرے درج تھے۔
نیویارک ٹائمز اسکوائر میں یہ مظاہرہ ’’نیویارک برائے فلسطین‘‘ موومنٹ کی اپیل پر کیا گیا تھا۔ اس میں سول سوسائٹی کے ارکان کے ساتھ ساتھ الحسدیم یہودی گروپ کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
مظاہرین نے فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت میں نعرے بازی کی اور اسرائیل کو دی جانے والی امداد بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین سے خطاب میں مقررین نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کی اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے پر زور دیا۔ یہودی مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل دنیا بھر کے یہودیوں کا نمائندہ ملک نہیں۔