کرائیسٹ چرچ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں متعین فلسطینی سفیر عزت عبدالھادی نے بتایا ہے کہ کل جمعہ کے روز نیوزی لینڈ کے شہر کرائیسٹ چرچ میں دو مساجد میں نمازیوں کے قتل عام کے دوران شہید ہونے والے نمازیوں میں ایک فلسطینی بھی شامل ہے جبکہ متعدد نمازی زخمی ہوئے ہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نیوزی لینڈ میں غیر مستقل فلسطینی سفیر نے بتایا کہ انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ کرائیسٹ چرچ میں مساجد پر حملے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ سفارت خانہ نیوزی لینڈ میں فلسطینی شہریوں کی سلامتی کے حوالے سے رابطے میں ہے اور اس حوالے سے نیوزی لینڈ کے حکام کے ساتھ بھی رابطہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کل جمعہ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائیسٹ چرچ میں ایک آسٹریلوی دہشت گرد نے مساجد میں گھس کر نماز ادا کرنے والے مسلمانوں پر اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں 50 نمازی شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔ اس واقعے پر عالم اسلام کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔