رباط(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مراکش کی حکومت نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے مجوزہ دورے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ نیتن یاھو کے رباط کے دورے کی تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔ ان پر یقین کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مراکشی حکومت کے ترجمان مصطفیٰ الخلفی نے کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اسرائیلی وزیراعظم کے دورہ رباط سے متعلق افواہوں کے بارے میں جواب دینے کی کوئی ضرورت نہیں۔
الخلفی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم کو رباط کے دورے کی دعوت نہیں دی گئی اور نہ ہی اس طرح کا کوئی اقدام زیر غور ہے۔
خیال رہے کہ مراکش میں سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم آئندہ مارچ یا اپریل میں مراکش کا دورہ کریں گے۔