1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں عرب شہریوں کی ہائی فالو اپ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ منگل کے روز اسرائیل کی جانب سے بیت المقدس اور مغربی کنارے میں جارحانہ پالیسیوں میں تیزی لانے کے خلاف ہڑتال کریں گے۔
کمیٹی نے ہڑتال کا فیصلہ اتوار کے روز حیفہ کے جنوب مشرقی قصبے کفر قرع میں ہونے والی ہنگامی میٹنگ میں کیا۔ اس کے علاوہ مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقے سخنین میں اسی روز ایک احتجاج اور اس سے اگلے روز مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کے دورے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
کمیٹی کا کہنا تھا کہ وہ زمینی حقائق کو دیکھتے ہوئے اپنے فیصلے مسلسل تبدیل کرنے کو تیار رہے گی اور اس سلسلے میں لوگوں سے رابطے میں رہے گی۔