(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض ریاست میں یہ نئی تعمیرات جیوات ہاماتوس کے علاقے میں کی جا رہی ہیں، یہ وہ اہم ترین جگہ ہے جو مقبوضہ بیت المقدس اورمغربی کنارےمیں بیت الحم کے درمیان واقع ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں صہیونی حکام بین الاقوامی قانون کو رد کر تے ہوئے مقامی فلسطینیوں کوان کے ذاتی گھروں سے بے دخل کر کے صہیونی آباد کاروں کے لیے نئی تعمیرات کا آغاز کر دیا ہے جس کا نوٹس لیتے ہوئے یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق یورپین یونین نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نئی تعمیرات شروع کرنے کے فیصلے پر شدید تشویش ظاہر کر تے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی اس طرح کی کوئی بھی تعمیر بیت المقدس کے مشترکہ دارالحکومت کے ساتھ ایک قابل عمل فلسطینی ریاست اور اس سے بھی بڑھ کر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ معیارات کے مطابق دو ریاستی حل کو نا ممکن بنا دے گی۔
انہوں نےاس بات پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ یورپین یونین کا ایک طویل عرصے سے یہی مؤقف ہے کہ مقبوضہ علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی تعمیرات بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی ہیں ۔
واضح رہے کہ یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ اس اہم اور نازک موقع پر امن کے خلاف ان منفی فیصلوں کو واپس لے۔