اسرائیلی ریڈیو نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ قاہرہ میں اسرائیلی سفارت خانےکو دوبارہ کھولنے کے لیے انتظامات مکمل نہیں ہو سکے جس کے باعث آئندہ کئی ماہ تک صہیونی سفارت خانے کے کھولے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
اسرائیلی ریڈیو نے بتایا کہ دو ماہ قبل قاہرہ میں سفارت خانے پر حملے کے دوران اسرائیلی سفارت کاروں سمیت جو عملہ وہاں تعینات تھا، اس نے واپس جانے سےانکار کر دیا ہے اور وزارت خارجہ مصری سفارت خانے کے لیے نئےعہدیداروں کا تعین کر رہے ہیں تاہم فی الحال یہ تعین بھی مکمل نہیں ہو سکا ہے۔
رپورٹ میں اسرائیلی وزارت خارجہ کے حکام کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ قاہرہ میں سفارت خانے کی عمارت کو کسی دوسرے علاقے میں منتقل کرنے کوششیں بھی کامیاب نہیں ہو سکی ہیں، جس کے باعث فوری طورپر فوری طور پر یہ ممکن نہیں کہ اسرائیلی سفارتی عملےکو قاہرہ بھیجا جا سکے۔
خیال رہے کہ مصر میں اسرائیلی سفارت خانے پر اگست میں مظاہرین نے حملہ کر کےاس کی توڑپھوڑ کی تھی اورصہیونی سفارت کاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ پرتشدد واقعات کے بعد صہیونی حکومت نے اپنا سفارتی عملہ واپس بلا لیا تھا۔