مصر کے وزیر کھیل العمری فاروق آیندہ جمعرات غزہ کا دورہ کریں گے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق انہیں اس دورے کی دعوت ان کے فلسطینی ہم منصب ڈاکٹر محمد المدھون نے دی ہے۔
ڈاکٹر مدھون نے فلسطینی وزارت صحت کے ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کھیل کے شعبے اور میڈیا سے وابستہ افراد کا 25 رکنی وفد بھی العمری فاروق کے ہمراہ غزہ آئے گا۔
انہوں نے بتایا کہ مصری وزیر کھیل کو حالیہ اسرائیلی جنگ میں تین فٹبال گراونڈ کی تباہی سے غزہ کی پٹی میں پیدا ہونے والے کھیلوں کے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہم مصری مہمان سے مطالبہ کریں گے کہ وہ فلسطین میں کھیل کے شعبے کو اپنے پیروں پر کھڑا ہونے میں ہماری مدد کرے۔
انہوں نے کہا کہ مصری مہمانوں کی آمد سے دونوں ملکوں کے درمیان کھیلوں کی مہارت کے تبادلے کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ مصری فٹبال ایسوسی ایشن کے چیئرمین جمال العالم بھی فلسطینی وزیر کھیل کی دعوت پر غزہ کا دورہ کرنے والے ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین