مصر کے ایک کثیرالاشاعت اخبار‘‘الاھرام’’ نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ گذشتہ اتوار کے روز شمالی سیناء میں مصری فوجیوں پر حملہ سیناء کے اندر موجود دہشت گردوں کی کارروائی تھی جس کا غزہ کی پٹی یا فلسطین کے کسی دوسرے شہر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اخبار نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اب تک کی تحقیقات میں جو بات سامنے آئی ہے اس کے مطابق سیناء میں فوجیوں پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی سمیت کارروائی کے تمام مراحل سیناء کےاندر ہی طے کیے گئے۔ یہ منصوبہ بندی شمالی سیناء میں ایک خفیہ مقام پر چھپے دہشت گردوں نے کی تھی۔
اخبار نے سیکیورٹی اخباری ذریعے کی شناخت صیغہ راز میں رکھتے ہوئے بتایا ہےکہ سیناء میں موجود کئی اہم شخصیات بھی مصری فوجیوں کے قتل میں معاونت کرتی رہی ہیں تاہم یہ نہیں بتایا کہ آیا وہ کون سی ایسی اہم شخصیات ہیں جو دہشت گردی کی اس واردات میں ملوث ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ اتوار کے روز مصر اور غزہ کے درمیان سیناء کے مقام پر مصری فوجیوں پر نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں کم سے کم سولہ مصری فوجی شہید اورسات زخمی ہو گئے تھے۔ مصری فوج نے علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش کے لیے ایک گرینڈآپریشن شروع کر رکھا ہے جس میں پچھلے تین روز کے دوران ساٹھ سے زائد عسکریت پسند ہلاک اور دسیوں زخمی ہو گئے ہیں۔