عمان (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اردن نے ایک بار پھر مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے خلاف صیہونی مذہبی اشتعال انگیزی کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی ریاست پر القدس کے تاریخی تشخص کے حوالے سے عالمی قانون کی پاسداری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اردنی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصٰی کے انتظامی امور کےحوالے سے قائم کردہ کمیٹی بین الاقوامی قوانین کے مطابق کام کر رہی ہے جب کہ اسرائیل مذہبی اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین اور مذہبی آزادیوں کو پامال کر رہا ہے۔
بیان میں مسجد اقصٰی کے انتظامی امور کے ذمہ داروں اور القدس میں محکمہ اوقاف کے ذمہ داروں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی غنڈہ گردی کو مسترد کر دیا ہے۔ بیان میں محکمہ اوقاف کے سربراہ الشیخ عبدالعظیم سلھب اور ان کے نائب الشیخ ناجح بکیرات کی گرفتاری اور پوچھ تاچھ کی شدید مذمت کی ہے۔
اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان القضاۃ کا کہنا ہے کہ القدس اور مسجد اقصٰی کے حوالے سے اسرائیلی فوج کی غنڈہ گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ القدس اور مسجد اقصٰی کے خلاف اسرائیلی فوج اور پولیس کی کارروائیاں مذہبی اشتعال انگیزی ہے جس کے نتیجے میں کشیدگی اور گھٹن پیدا ہوگی۔