انقرہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاووش اوغلو نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوج کی غنڈہ گردی مذہبی اشتعال انگیزی ہے اور پوری مسلم امہ کو اس کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایک پریس بیان میں ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی فوج کی نہتے نمازیوں پر چڑھائی نے اسرائیلی ریاست کا قبیح چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے مظالم امریکا کی سرپرستی کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ترکی القدس اور دیگر قومی ایشوز سے دستبردار نہیں ہوگا بلکہ فلسطینیوں کے خلاف مظالم، القدس کو یہودیانے اور مسجد اقصیٰ کے خلاف اسرائیلی غنڈہ گردی کو بے نقاب کرے گا۔
موجولود چاووش اوغلو کا کہنا تھا کہ صدر طیب اردوآن کی قیادت میں تمام خارجی اور داخلی بحرانوں سے نکل آئے گا اور ہم فلسطینیوں کے حقوق اور دنیا بھر کے مظلوم اقوام کے حقوق کی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے جرمن وزیرخارجہ سے بھی ٹیلیفون پر بات چیت کی اور القدس کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔