عمان (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) سعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے چیئرمین الشیخ ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے فلسطین اور مقبوضہ بیت المقدس کےحوالے سے تاریخی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ سعودی عرب القدس کے تاریخی تشخص کو برقرار رکھنے کے لیے ہرممکن کوشش جاری رکھے گا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سعودی پریس ایجنسی ’’ایس پی اے‘‘نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ مجلس شوریٰ کے چیئرمین نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور دیگر سعودی قیادت میں مملکت القدس کے اسلامی اور عرب تشخص کی بحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ القدس کے اسلامی، سیاسی، اقتصادی، عرب اور عالمی تشخص، ظلم کے خلاف اور انصاف کے قیام کے لیے ہرسطح پر کوششیںجاری رکھی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے چیئرمین نے ان خیالات کا اظہار اردن کے دارالحکومت عمان میں منعقدہ 19 ویں عرب پارلیمانی اجلاس سے خطاب میں کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ علاقائی تنازعات کے حوالے سے سعودب عرب اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔ مسئلہ فلسطین سعودی عرب کی اولین ترجیح ہے۔ القدس شریف کے تاریخی، اسلامی اور عرب تشخص پرآنچ نہیں آنے دی جائے گی۔
چیئرمین شوریٰ نے کہا کہ عرب ممالک کی سربراہ ملاقاتوں اور دیگر کانفرنسوں میں قضیہ فلسطین ہمیشہ سرفہرست رہا ہے۔ خادم الحرمین الشریفین نے فلسطینیوں کے حقوق کا ہمیشہ دفاع کیا ہے۔ سعودی عرب سنہ 1967ء کی جنگ سے قبل والی پوزیشن پر اسرائیل کی واپسی اور ان علاقوں میں آزاد فلسطینی ریاست کےقیام اور مشرقی بیت المقدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنائے جانے کے مطالبے پر قائم رہے گا۔