اسرائیلی ریاست کے زیرتسلط شہر ” بئر سبع ” میں ایک بس اسٹیشن پر فلسطینی شہری کےحملے میں ایک فوجی کی ہلاکت اور گیارہ کے زخمی ہونے کے بعد اسرائیل کی تمام سیکیورٹی کمپنیوں اور دیگر اداروں نے اپنے ہاں کام کرنے والے عرب محافظوں کو نکالنا شروع کردیا ہے۔
اسرائیل کی عبرانی نیوز ویب سائیٹ”وللا” کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل میں پرائیویٹ سیکٹر میں دسیوں سیکیورٹی گارڈز فراہم کرنے والی کمپنیوں کو عرب اور فلسطینی محافظوں سے سخت خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔ اسی خطرے کے پیش نظرانہوں نے عرب دیہاتیوں اور دیگر فلسطینیوں کو اپنی صفوں سے نکالنا شروع کردیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی کمپنیوں کو فلسطینی بدئوں پر اعتماد نہیں رہا ہے۔ کیونکہ ان کی صفوں میں ایسے لوگ بھی شامل ہوسکتے ہیں جو یہودی آباد کاروں کے لیے ان کی حفاظت کے بجائے وبال جان بن جائیں۔
اسرائیلی ویب سائیٹ نے بعض سیکیورٹی کمپنیوں کے عہدیداروں سے بھی اس حوالے سے بات کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں وہ فلسطینی بدئوں پر اعتبار نہیں کرسکتے ہیں۔ اس لیے بہتر ہے زیادہ پرھجوم مقامات پر فلسطینی بدئوں، عرب سیکیورٹی گارڈوں کے بجائے یہودیوں کو یہ فرائض سونپے جائیں۔
صہیونی کمپنیوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلسطینیوں کو سیکیورٹی گارڈ بھرتی کرنے پر یہودی آباد کاروں اور پبلک کی جانب سے بھی سخت تنقید اور غم وغصے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہودی آباد کاروں کی طرف سے بھی یہ مطالبہ کیا گیاہے کہ تمام سیکیورٹی کمپنیاں اپنے ہاں بھرتی کیے گئے فلسطینی بدئوں کو نکال باہر کریں۔