(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) امارات کے وزارت خارجہ نے اسرائیلی وزارت خارجہ کو تحریری درخواست دی ہے جس میں ان سے تل ابیب میں اماراتی سفارتخانہ قائم کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ معاون خصوصی برائے خارجہ امور عمر سيف غباش نے اسرائیلی وزیر خارجہ گینی اشکنزئی کو اماراتی وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید کی جانب سے لکھی گئی درخواست پہنچائی ہے جس میں جس صیہونی ریاست کے دارالحکومت تل ابیب میں سفارت خانہ قائم کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے ۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ درخواست میں دونوں ملکوںکے درمیان سفارت خانوں کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم اسرائیلی وزارت خارجہ اور تل ابیب حکومت کی طرف سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ہمیں آپ کی طرف سے تل ابیب میں ابو ظبی کا سفارت خانہ قائم کرنے کے لیے جلد از جلد منظوری درکار ہے۔
خیال رہے کہ عمر غباش منگل کو اسرائیل کے دورے پر تل ابیب پہنچے تھے جہاں ان کی ملاقات اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو سے بھی ہوئی تھی۔