(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) یورپی ملک لکسمبرگ نے بھی فلسطین کو بطور ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ہے اس حوالے سے وزیراعظم لوک فریڈن کا کہنا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں فلسطین کو تسلیم کرنے والوں میں شامل ہوں گے حتمی فیصلہ فرانس اور بیلجیئم کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے عرب نیوز کے مطابق لکسمبرگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ہونے والی کانفرنس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں قابض اسرائیل کی تقریباً دو سالہ کارروائی پر عالمی سطح پر مذمت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون فلسطینی ریاست کے باضابطہ اعتراف کے لیے یورپی اور عالمی سطح پر کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں۔
لکسمبرگ کے وزیرِ اعظم لوک فریڈن نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں زمینی صورتحال میں نمایاں بگاڑ آیا ہے اور اب یورپ و دنیا میں ایک نئی تحریک ابھر رہی ہے جو ثابت کرتی ہے کہ دو ریاستی حل آج بھی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی تناظر میں لکسمبرگ کی حکومت آئندہ ہفتے فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک میں شامل ہوگی۔ اس سے قبل برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور بیلجیم سمیت کئی ممالک اس فیصلے کا عندیہ دے چکے ہیں۔