(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) لبنانی صدرنےاسرائیلی حملے کواعلان جنگ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ حملے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے ، لبنان اپنی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدامات کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق صدر میشل عون نے لبنان کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی رابطہ کار یان کوبیچ سے دارالحکومت بیروت میں ملاقات کے دوران اسرائیلی حملوں اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پراپنی تشویش سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لبنان میں اسرائیلی فوج کے ڈرون حملے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، لبنان میں ڈرون حملوں کو اسرائیل کا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔
لبنانی صدر نے واضح کیا کہ اسرائیلی ریاست کی طرف سے جارحیت کے خلاف لبنان کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے لبنان اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہرممکن اقدامات کرے گا، اپنی سلامتی اور خود مختاری کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
دوسری جانب لبنانی وزیراعظم سعد حریری نے بیروت میں سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کے سفیروں سے ملاقات میں اسرائیل کی طرف سے وادی بقاع اور دیگر مقامات پر اسرائیل کے فضائی حملوں کے معاملے پر بات چیت کی۔
وزیراعظم سعد الحریری نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کو عالمی ادارے کی قرارداد 1701 پرعمل درآمد کا پابند بنانے کے لیے تل ابیب پر دبائو ڈالیں۔ سعد حریری کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو معصوم لبنانی عوام کا خون بہانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے اتوار کے روزلبنان کی وادی البقاع ، الضاحیہ اور ‘قوسیا’ کے مقامات پر بمباری کی تھی۔ اسرائیل نے اس بمباری اور ڈرون حملوں میں ایران اور حزب اللہ کے اسلحہ مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایران نے اسرائیلی دعوے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست میں ایرانی مفادات پر حملوں کی جرات نہیں۔ اسرائیلی فوج نے وادی البقاع میں فلسطینی پاپو لرفرنٹ کے مراکز پر بمباری کی جس کے نتیجے میں تنظیم کے عسکری کیمپوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں۔