رپورٹ کے مطابق لبنان میں مقیم فلسطینی پناہ گزینوں نے اونروا کے دفاتر پر تالے اس وقت لگائے جب ریلیف ایجنسی نے نہر البارد کیمپ میں رہنے والے فلسطینی پناہ گزینوں کے ماہانہ امدادی پیکج میں تاخیر کردی تھی۔
جمعہ کے روز علی الصباح جب ’’اونروا‘‘ کے ملازم بسوں اور دوسری گاڑیوں پر دفاتر کی طرف آنے لگے تو راستے میں انہیں پناہ گزینوں نے روک دیا۔ بیروت اور متعدد دیگر شہروں میں قائم اونروا کے دفاتر کو تالے لگا دیے گئے جس کے بعد ریلیف ایجنسی کے ملازمین واپس جانے پرمجبور ہوگئے۔
خیال رہے کہ لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کو کچھ عرصے سے اونروا کی جانب سے امداد میں کمی کا سامنا ہے۔ عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ فنڈز کی قلت کے باعث اسے پناہ گزینوں کی صحت، تعلیم اور کئی دیگر شعبوں میں امداد جاری رکھنا مشکل ہو رہا ہے۔
