بیروت (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) لبنان کے صدر میشل عون نے مسلح افواج کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرحد پر اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری آپریشن پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی ممکنہ فوجی مداخلت کا منہ توڑ جواب دیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لبنانی صدر کی طرف سے یہ ہدایت ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب اسرائیلی فوج نے لبنان کی سرحد پر زیرزمین سرنگوں کی موجودگی کا دعویٰ کیا ہے۔ اس دعوے کے بعد صیہونی فوج نے ’’شمال کی ڈھال ‘‘ کے عنوان سے ایک نیا فوجی آپریشن شروع کیا ہے جس میں سرحد پر بنائی گئی سرنگیں مسمار کی جا رہی ہیں۔
منگل کو علی الصباح اسرائیلی فوج کی طرف سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل میں مداخلت کے لیے سرنگیں کھود رکھی ہیں۔صیہونی فوج کے دعوے کے مطابق یہ سرنگیں اسرائیل کے اندر تک کھودی گئی ہیں۔
لبنانی ایوان صدر کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل سے متصل سرحد پرصہیونی فوج کی مداخلت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ تازہ پیش رفت کے بعد وزیراعظم سعد الحریری، صدر میشل عون، پارلیمنٹ کے اسپیکر اور آرمی العماد جوزف عون نے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔
صدر نے سیکیورٹی اداروں کو تمام صورت حال کا باریکی سے جائزہ لینے اور سرحد پرسیکیورٹی سخت کرنے کا حکم دیا ہے۔ دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیل کے اس الزام کا تا حال کوئی جواب نہیں دیا ہے۔