غزہ پر صیہونی جارحیت کے خلاف پاکستا ن بھر میں ”یوم یکجہتی فلسطین و فتح مبین “ منایا گیا ۔لاہور میں ادارہ صراط مستقیم کے زیر اہتمام فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور غاصب صیہونی اسرائیل کی جانب سے غزہ پر جنگ مسلط کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ لاہور پریس کلب کے باہر منعقد کیا گیا جس کی قیادت ادارہ صراط
مستقیم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کی۔شرکائے مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کے سربراہ کاکہنا تھا کہ امریکی صدرا ور اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف عالمی عدالت میں جنگی جرائم کا مقدمی درج کیا جائے ۔انہوںنے مسلم اور عرب ممالک سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی مظالم کو رکوانے کے لئے فلسطینی عوام کا ساتھ دیں۔انہوںنے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل فقط فلسطین میں انسانیت کا خون نہیں بہا رہے بلکہ پاکستان بھی امریکی واسرائیلی سازشوں کا شاخسانہ بن چکا ہے۔اس موقع پر شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے فلسطین مجاہدوں سے اظہار یکجہتی کے لئے نعرے بلند کئے اور اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں صیہونی جارحیت کے خلاف سخت نوٹس لے اور اسرائیل کے خلاف کاروائی کرے اس موقع پر مظاہرین نے امریکی صدر اوبامہ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے پتلے بھی نذر آتش کئے۔