یورپی ملک آسٹریا میں عرب کمیونٹی، وہاں کی انسانی حقوق کی تنظیموں اور مسلم ممالک کی تنظیموں نے مل کر ایک نئی کمیٹی تشکیل دی ہے جس کا مقصد آسٹریا سمیت دوسرے یورپی ملکوں میں مسجد اقصیٰ کے دفاع اور فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق کی حمایت میں مہم چلانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ۔ فلسطین یورپ کانفرنس کے وائس چیئرمین عادل عبداللہ نے میڈیا کو بتایا کہ دفاع اقصیٰ رابطہ کمیٹی میں آسڑیا میں موجود عرب اور مسلمان ملکوں کے مندوبین شامل ہیں۔ اس کمیٹی کے اغراض و مقاصد میں مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کے دفاع کے لیے ملک گیر مہم چلانا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دفاع اقصیٰ رابطہ کمیٹی کے فورم سے سرگرمیوں کا آغاز کل ہفتے کے روز سے ہوگا۔ ہفتے کو دارالحکومت ویانا میں ایک احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مظاہرے کے بعد آسٹریا کے سیاسی رہ نماؤں اور اہم شخصیات کو مکتوب ارسال کیے جائیں گے جن میں انہیں اسرائیل کے ہاتھوں فلسطین میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔
عادل عبداللہ نے کہا کہ دفاع اقصیٰ رابطہ کمیٹی اس بات پریقین رکھتی ہے کہ اسرائیل ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسجد اقصیٰ کو زمانی اور مکانی اعتبار سے تقسیم کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ وہ قبلہ اوّل اور بیت المقدس کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے موثر اقدامات کریں۔