دوحہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قطر نے مسجد اقصیٰ پر صیہونی یلغار کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالم اسلام پر قبلہ اوّل کے دفاع کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کرنے پر زور دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قطری حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انتہا پسند یہودیوں کے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں دھاوے اور مقدس مقام کی بے حرمتی ناقابل قبول اور مذہبی اشتعال انگیزی ہے۔
قطری وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ ایام میں اسرائیلی فوج اور پولیس کی نگرانی میں صیہونی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ مسجد اقصیٰ پر صیہونی آباد کاروں کے دھاوے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کی مذموم کوشش ہے اور اس سازش میں اسرائیلی ریاست براہ راست ملوث ہے۔
قطر نے مسجد اقصٰی میں صیہونی آباد کاروں کی غنڈہ گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری بالخصوص عالم اسلام پر زور دیا ہے کہ وہ قبلہ اوّل کے تحفظ کے لیے مؤثر حکمت عملی وضع کریں۔
قطر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت حرم قدسی کے حوالے سے تمام بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کو پامال کر رہی ہے۔ بیان میں عرب لیگ پر بھی زور دیا گیا کہ وہ قبلہ اوّل کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔