غزہ ۔۔۔ مرکزاطلاعات فلسطین
اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا ہے
کہ وسائل کی قلت فلسطینی قوم کو تحریک آزادی سے بازنہیں رکھ سکتی۔ پورے فلسطین کوغاصب صہیونیوں کا قبرستان بنا کر چھوڑیں گے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ڈاکٹر محمود الزھار نے غزہ کی پٹی میں دفاع اقصیٰ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صہیونی دشمن فلسطین کو اپنا وطن بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ ان کا یہ خواب فلسطینی قوم کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قبلہ اول کے محافظ ہیں اس لیے اللہ کی نصرت ہمیشہ فلسطینی قوم کے ساتھ شامل حال رہے گی۔
ڈاکٹر محمود الزھار نےکہا کہ آج تک فلسطین پر جتنے غاصب آئے شکست اور تباہی اور بربادی ان کا مقدر ٹھہری۔ صہیونیوں کے فلسطین میں دن گنے جا چکےہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب فلسطینی تحریک آزادی کامیاب ہوگی اور ارض فلسطین کو صہیونی دشمنوں کا قبرستان بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی صہیونی دشمن کے حلق میں چھبنے والا ایک کانٹا ہے مگر غزہ کی پٹی ہی دشمن کے خلاف اور آزادی کا بیس کیمپ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال جولائی اور اگست کے دوران غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی دشمن کی اکاون روزہ جنگ میں صہیونیوں کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دشمن کو آئندہ بھی سرزمین فلسطین میں اسی طرح ناک رگڑنے پرمجبور کریں گے۔
حماس رہ نما نے کہا کہ بنجمن نیتن یاھو صہیونی انتہا پسندوں کا سرغنہ ہے جو ایک منظم سازش اور مہم کے تحت مسجدا قصیٰ کو یہودیوں اور مسلمانوں میں تقسیم کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ قبلہ اول کو تقسیم کرنے کی سازش ہرگز کامیاب نہیں ہوگی۔
ادھر غزہ کی پٹی میں جمعہ کے روز نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد مسجد اقصیٰ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جگہ جگہ ریلیاں نکالی گئیں۔ سب سے بڑا اجتماع خان یونس شہر میں ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس عظیم الشان جلوس میں مختلف اطراف سے آئے چھ جلوسوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے قبلہ اول کےدفاع کے لیے تن من دھن قربان کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔