بیروت (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) لبنان میں فلسطینی اور لبنانی سیاسی و سماجی شخصیات نے صیہونی زندانوں میں قید فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ’’مار الیاس‘‘ پناہ گزین کیمپ میں ایک کانفرنس کے دوران فلسطین اور لبنان کی سرکردہ شخصیات نے اسرائیلی زندانوں میں قید فلسطینیوں پر مظالم کی شدید مذمت کی۔
ایک مقامی سماجی کارکن محمد صفا نے کہا کہ اسرائیلی عقوبت خانوں میں فلسطینی اسیران سے غیرانسانی سلوک کے خلاف تمام فلسطینی اور لبنانی قوتیں متحد ہیں۔
کانفرنس کے شرکاء نے اسرائیلی جیلروں اور صیہونی فوج کی طرف سے جزیرہ نما النقب اور دیگر عقوبت خانوں میں حالیہ ایام میں قیدیوں سے غیرانسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اسیران کے حقوق کے استحصال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔