خلیجی ریاست کویت میں گذشتہ روز فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اور مسجد اقصیٰ کی نصرت کےلیے ایک عظیم الشان مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔ مظاہرے میں سیکڑوں مقامی شہریوں اور کویت میں مقیم فلسطینی کمیونٹی کے کارکنوں نے شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کویت میں قائم انصار القدس کمیٹی کی جانب سے کیا گیا تھا جسے کئی دوسری مقامی تنظیموں اور انسانی حقوق کے گروپوں کی معاونت حاصل تھی۔ کویت میں ہونے والے اس مظاہرے کو "کویت قبلہ اول کی نصرت کے لیے حاضر ہے” کا عنوان دیا گیا تھا۔کویت میں تنظیم اساتذہ کے ہیڈ کواٹر کے باہر ہونے والے مظاہرے میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل مظالم کی شدید مذمت کی اور کویتی حکومت اور مجلس الامہ[پارلیمنٹ] سے اسرائیلی ریاست کے مظالم بند کرانے اور قبلہ اول کے دفاع کے لیے موثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔
عرب پارلیمنٹ کے چیئرمین اور کویتی مجلس امہ کے رکن ڈاکٹر علی الدقباسی نے فلسطینی شہریوں کے اسرائیلی مظالم کے خلاف پوری قوت اور استقامت سے کھڑے ہونے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ریاست نہتے فلسطینیوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہا ہے۔ اس کے مقابلے میں نہتے فلسطینی بے سروسامانی کے عالم میں لڑ رہے ہیں۔ ان کی مدد ونصرت پوری عرب اور مسلم دنیا کی ذمہ داری ہے۔