نامہ نگار کے مراسلے کے مطابق سوموار اور منگل کی درمیانی شب اسرائیل کے ایف 16 طرز کے جنگی طیاروں نے اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کےعسکری ونگ القسام بریگیڈ کےمراکزکو نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے حملے کا نشانہ بننے والے علاقے میں زور دار دھماکے کی آواز سنی اور وہاں سے دھوئیں کے بادل بلند ہوتے دیکھے جس کے نتیجے میں متعدد مکانوں کو غیرمعمولی نقصان پہنچا ہے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے جنگی طیارے اور ڈرون طیارے رات بھر غزہ کی فضاء میں نچلی پروازوں کے ساتھ اڑانے بھرتے رہے، جس کے باعث شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا تھا۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری سے "کونتینرا”اور اس سے ملحقہ علاقے کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو مکان تباہ ہوئے ہیں۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے دوسرا حملہ جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح کے مقام پر پرانے ہوائی اڈے کے قریب ایک کمپائونڈ پر کیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے مکان سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے گئےہیں۔
درایں اثناء اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے کہا ہے کہ رات گئے ہمارے جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں حماس کے دو مراکز کو بمباری سے نشانہ بنایا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ فضائی حملے غزہ کی پٹی سے داغے گئے راکٹوں کا جواب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی سے گذشتہ شام اسرائیلی کالونیوں پر راکٹ حملےکیے گئے تھے۔ انہوں نے راکٹ حملوں کی ذمہ داری حماس پرعاید کی اور کہا کہ راکٹ حملوں کی صورت میں فلسطینی مزاحمت کاروں کو سخت جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔