نیویارک(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مشرق وسطیٰ کے لیے اقوام متحدہ کے مندوب ’’نیکولائے میلاڈینوف‘‘ نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے محصور علاقے غزہ کی پٹی کے دروازے پر سنگین انسانی بحران دستک دے رہا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نیویارک میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے منصوبے کی کوششیں ہاتھ سے نکل رہی ہیں۔
اقوام متحدہ کے مندوب نیکولائے میلاڈینوف نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں انسانی المیہ تیزی کے ساتھ سنگین ہو رہا ہے۔ غزہ کی پٹی کو بدترین اقتصادی بحران سے بچانے کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیوں کی بحالی کی ضرورت ہے۔ فلسطین کی موجودہ صورت حال بدستور جاری رہنے کے قابل نہیں۔ غزہ کی سرحد پر جاری کشیدگی اور علاقےکی ناکہ بندی سے کوئی بڑا اور سنگین انسانی المیہ رونما ہوسکتا ہے۔
فلسطین میں صیہونی آباد کاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے یو این مندوب نے کہا کہ صیہونی بستیاں دیر پا قیام امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ صیہونی بستیاں عالمی قانون کی رو سے غیر قانونی ہیں اور ان کے نتیجے میں فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔