(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں صہیونی فوجیوں نے راہ چلے پیدل اور گاڑیوں پر سوار فلسطینیوں کے ذاتی استعمال کے موبائل فون کی تلاشی کا ایک نیا حربہ شروع کردیا ہے۔ فلسطینیوں کی شناخت پریڈ کے ساتھ ساتھ اب فلسطینیوں کے موبائل کی تلاشی کی آڑ میں بھی انہیں زدو کوب کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز مقامی فلسطینیوں نے بتایا کہ شمالی شہر نابلس کے مغربی چوک میں کھڑے اسرائیلی فوجیوں اور انٹیلی جنس اہلکاروں نے وہاں سے گذرنے والے ہر فلسطینی کا موبائل فون چیک کیا اور یہ سلسلہ گھںٹوں جاری رہا۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ صہیونی فوجی اور سادہ کپڑوں میں ملبوس خفیہ اداروں کے اہلکار فلسطینی شہریوں کی گاڑیاں روک کران کی تلاشی لیتے اور ساتھ فلسطینی شہریوں کے موبائل اور خواتین کے پرس کی بھی تلاشی لیتے رہے۔ اس دوران مرد شہریوں کو گاڑیوں سے اتار کر ان کی جامہ تلاشی لی جاتی اور انہیں دیر تک سڑک کے کنارے کھڑے رکھاجاتا۔
