اسرائیلی فوج کی وحشیانہ ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں ہفتے کے روز مغربی کنارے کے الخلیل شہر سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینی شہیدوں کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپردک خاک کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق شہید محمد فارس الجعبری اور امجد حاتم الجندی کی الگ الگ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ دونوں شہداء کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ محمد فارس الجعبری شہید کو الخلیل میں جب کہ امجد حاتم الجندی کو مشرقی یطا میں سپرد خاک کیا گیا۔
شہید محمد الجعبری کی نماز جنازہ وسطی الخلیل میں مسجد الحسین کے گرائونڈ میں ادا کی گئی۔ بعد ازاں اسے حارہ الشیخ کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں شریک ہزاروں فلسطینیوں نے شہید فلسطینی کے حق، حماس اور القسام بریگیڈ کے حق میں نعرے بازی کی۔ نماز جنازہ کے بعد فلسطینی شہریوں اور قابض اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
ادھر یطا میں شہید امجد حاتم الجندی کی نماز جنازہ میں بھی ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائی کے بعد شہید کوشمالی یطا میں رقعہ کالونی میں اس کےگھر کے باہر ہی سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں شریک ہزاروں افراد نے فلسطینی مزاحمتی تنظیموں سے الجندی کے قتل کا بدلہ لینے کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ دونوں فلسطینیوں کو جمعہ کے روز اسرائیلی فوج نے ریاستی دہشت گردی کے دوران گولیاں مار کرشہید کردیا تھا۔