عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر اسامہ النجیفی اعلیٰ سطحی اختیاراتی وفد کے ہمراہ پیر کے روز جنگ زدہ فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں پہنچے جہاں وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
النجیفی کےہمراہ عراقی پارلیمنٹ کے اراکین کا ایک وفد بھی آیا ہے اور وہ اپنے ساتھ ادویہ اور دیگر سامان کی کھیپ بھی غزہ کے متاثرین کے لیے لائے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق عراقی اسپیکر پارلیمنٹ کے ہمراہ 80 اہم شخصیات غزہ کی پٹی پہنچی ہیں، ان میں 50 عراقی پارلیمنٹ کے اراکین بھی شامل ہیں جو16 لاکھ ڈالرز کا امدادی سامان اور ادویہ بھی ساتھ لائے ہیں۔
عراقی اسپیکر اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد نے جنگ سے زخمی فلسطینی شہریوں کی اسپتالوں میں عیادت کی۔ بعد ازاں وزیراعظم ھنیہ کی جانب سے دی گئی ایک دعوت میں بھی شریک ہوئے۔ غزہ کی پٹی میں صہیونی جارحیت کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ بڑی تعداد میں غیر ملکی اہم شخصیات شہر کا دورہ کررہی ہیں۔ اس سے قبل عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل، ترکی کے وزیرخارجہ، مصری وزیراعظم اور کئی دوسرے ممالک کے وزراخارجہ غزہ کی پٹی کے دورے پر آ چکے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین