اسرائیلی حکام نے طویل عرصے تک بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی شہری محمد علان کو رہا کردیا ہے۔ محمد علان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کو مغربی رام اللہ کی عوفر جیل سے کل منگل کے روز رہا کیا گیا جس کے بعد انہیں نابلس میں ان کے گھر پہنچا دیا گیاہے۔
یاد رہے کہ محمد نصرالدین علان نے رواں سال جولائی اور اگست کے دوران 60 دن سے زیادہ عرصے تک اپنی بلا جواز گرفتاری اور انتظامی قید کے خلاف بھوک ہڑتال کی تھی۔ دو ماہ سے زیادہ عرصے تک بھوک ہڑتال کی وجہ سے انہیں تشویشاک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسرائیلی عدالت کے حکم پر محمد علان کو کل چار نومبر کو رہا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے محمد علان کا رہائی کا مطالبہ مانتے ہوئے عدالت کا فیصلہ تسلیم کرلیا تھا۔محمد علان کا رہائشی تعلق مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس کے عینابوس قصبے سے ہے۔ رہائی کے بعد اسے اس گھر پہنچادیا گیا ہے۔ محمد علان کی رہائی کی خبر سن کر بڑی تعداد میں فلسطینی شہری اس کے گھر میں جمع ہوگئے تھے۔ گھر پہنچنے پر عزیزواقارب نہیں محمد علان کو رہائی کی مبارک باد پیش کی اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔