(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیلی سرکاری ریڈیو نے انکشاف کیا ہے کہ صیہونی وزیراعظم نے سعودی عرب کا خفیہ دورہ کیا ہے جہاں امریکی وزیر خارجہ کی موجود گی میں سعودی ولی عہد سے ملاقات کی ہے۔
امریکا کے معروف اخبار نے صیہونی ریاست کے سرکاری ملٹری ریڈیو کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ ریڈیونے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ صیہونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے گزشتہ روز اتوار کو سعوی عرب کا خفیہ دورہ کیا ہے جہاں انھوں نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی موجودگی میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے ۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو اور شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں ہوئی تاہم سعودی عرب اور اسرائیل نے سرکاری سطح پر نیتن یاہو کے دورے کی تصدیق نہیں کی۔
ایک اور غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے اس خفیہ ملاقات کے حوالے سے کہا ہے کہ سعودی شہر نیوم میں ہونے والی اس ملاقات میں صیہونی وزیراعظم کے ساتھ دنیا کی بدنام زمانہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ سوسی کوہن بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پیر کے روز امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ انہوں نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے ایک رات قبل ایک حوصلہ افزا ملاقات کی تھی تاہم انھوں نے اسرائیلی رہنما کی موجودگی کی اطلاع نہیں دی۔