وادی المالح کے ایک مقامی شہری محمد مخامرہ نے میڈیا کو بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے دو ہفتے قبل وادی کے سات دیہات میں آباد عرب بدوؤں کو اپنے گھرخالی کرنے کا نوٹس دیا تھا۔ صہیونی فوجیوں کا کہنا تھا کہ وہ ان علاقوں میں مشقیں کررہے ہیں۔ اس لیے فلسطینی شہری وہاں سے عارضی طورپر کسی دوسرے مقام پر منتقل ہوجائیں۔
فلسطینی شہری اپنے گھروں سے نکل گئے تھے۔ جنگی مشقیں ختم ہونے کے بعد واپس گھروں میں آئے صرف چند دن ہی گذرے تھے کہ انہیں دوبارہ علاقہ خالی کرنے کا نوٹس جاری کردیا گیا، جس کے بعد مجبور اور بے بس بچے اورخواتین دوبارہ کھلے آسمان تلے اپنے مویشیوں کے ساتھ زندگی گذارنے پرمجبور ہیں۔
فلسطینی شہری نے بتایا کہ مقامی آبادی کو وہاں سے بے دخل کرنا اب صہیونی فوج کا معمول بن چکا ہے۔ جنگی مشقوں کی آڑ میں وادی المالح اور وادی اردن کے مقامی فلسطینی باشندوں کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔