(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صدی کی ڈیل نامی نام نہاد کانفرنس کےخلاف عراق میں احتجاج،مظاہرین نے بحرین کے سفارت خانے پر حملہ کردیا، توڑ پھوڑکے بعد وہاں سے بحرین کا قومی پرچم اتارکرفلسطینی پرچم لہرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق جہاں دنیا بھر میں نام نہاد منامہ کانفرنس کےخلاف احتجاج جاری ہے،وہاں عراق میں بھی ڈیل آف سنچری کو مسترد کرتے ہوئے ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور امریکی سرپرستی میں ہونے والی کانفرنس کے خلاف بھر پور احتجاج کیا۔
عراق کے دارلحکومت بغداد میں ہونے والے اس احتجاج میں ہزاروں لوگوں نے امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور امریکہ پرچم بھی نذر آتش کیا، مظاہرین نے بحرینی سفارت خانے پر بھی حملہ کیا اور بحرینی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور توڑ پھوڑ کی،مظاہرین میں سے چند لوگوں نے سفارت خانے پر نصب بحرینی پرچم اتار کروہاں ریاست فلسطین کا پرچم لہرا دیا۔ بعد ازاں عراقی پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کردیا۔
بحرین کی حکومت نے معاملے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے عراقی سفیر کو طلب کرلیا اور اپنے سفارت خانے کی تباہی پر اپنا ردعمل ریکارڈ کروایا۔
بحرین کے وزیر خارجہ نے بھی سفارت خانے پر حملہ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عراقی سرزمین پر قائم سفارت خانوں کا تحفظ ہر صورت عراقی حکومت کی زمہ داری ہے،اور وہ ہی بحرین کے سفارت خانے کی تباہی کے لیے جواب دہ ہے۔