فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں جبل مکبر کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے شہید فلسطینی معتز عویسات کے گھر پرچھاپہ مارا اور گھر میں موجود اس کے والدین کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوجیوں نے ہفتے کے روز جبل المکبر قصبے میں شہید فلسطینی لڑکے 16 سالہ معتز عویسات کے گھر پر دھاوا بول دیا اور گھر میں گھس کر قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور گھر میں موجود اس کے بوڑھے والدین کو حراست میں لے لیا۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اسرائیل فوج کا ایک ماہر نشانہ باز فوجی اہلکار شہید فلسطینی کے گھر کی چھت پر چڑھ گیا اور گھر کے دروازے بند کردیے۔ کسی شہری کو گھر کے اندر آنے یا باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ قابض فوجیوں نے آدھے گھنٹے تک مکان کی جامہ تلاشی لی جس کے بعد وہاں پر موجود شہید کے والد احمد اور والدہ میسون عویسات کو حراست میں لے لیا گیا۔