مرکز اطلاعات فلسطین کو موصول ہونے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی گن شپ ہیلی کاپٹروں نے اتوار کے روز شام اور اسرائیل کے سرحدی علاقے القنیطرہ میں حزب اللہ کے ایک مرکز پرگولہ باری کی جس کے نتیجےمیں حزب اللہ کے سابق کمانڈر حماد مغنیہ کے صاحبزادے سمیت کم سے کم چھ ارکان شہید ہوگئے۔
شام سے مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے سرحدی علاقے میں حزب اللہ کے ارکان کے ایک قافلے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک گاڑی بھی تباہ ہوگئی جبکہ وہاں سے کچھ ہی فاصلے پر موجود ایرانی پاسدارن انقلاب کا ایک اہم عہدیدار محفوظ رہا۔
الجزیرہ ٹی وی نے بیت المقدس سے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ حزب اللہ جنگجووں کے جس قافلے کو نشانہ بنایا گیا وہ اسرائیلی کالونیوں پر راکٹ حملوں کی تیاری کررہا تھا۔
دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں اپنے چھ کارکنوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے تاہم صہیونی فوج کی جانب سے اس کارروائی کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین