فلسطینی مجلس قانون ساز کے اسپیکر ڈاکٹر عزیز دویک نے ایک بار پھر فلسطینی تنظیموں کے مابین حقیقی مفاہمت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حماس اور فتح کے مابین ہونے والے گزشتہ مفاہمتی معاہدوں پر عمل درآمد میں اصل رکاوٹ مغربی کنارے میں سیاسی گرفتاریاں اور اتھارٹی کی فورسز کا صہیونی فوج سے سکیورٹی تعاون ہے۔ فلسطینی اسپیکر نے واضح کیا کہ قومی اتحاد کی راہ میں حائل متعدد رکاوٹوں میں ایک فلسطینی صدر محمود عباس اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے مفاہمت سے قبل انتخابات کے انعقاد کے بیانات بھی ہے۔فلسطینی اسپیکر اور متعدد اراکین پارلیمان نے مصرکے فلسطین میں سفیر سید یاسر عثمان کے رام اللہ میں اراکین پارلیمان کے دفتر میں آمد کے موقع پر انکا پرتپاک استقبال کیا۔ مصری سفیر کی سربراہی میں مصری عہدیداران کا وفد حماس کی پچیسویں سالگرہ کے موقع پر تہنیتی پیغام لیکر آیا تھا۔ڈاکٹر عزیز دویک نے مصری سفیر سے بات چیت کے دوران کہا کہ مفاہمت پر عمل د رآمد اور کامیابی کے لیے مغربی کنارے میں سیاسی گرفتاریوں اور اسرائیل کے ساتھ سکیورٹی تعاون کے سلسلے کا خاتمہ ضروری ہے جو مفاہمت کی راہ کی بڑی رکاوٹ ہے۔ قبل ازیں فلسطینی اسپیکر ڈاکٹر عزیز دویک، اراکین پارلیمان احمد عطون، عبد الجابرفقھائ، منی منصور، ریاض عملہ، ڈاکٹر حاتم قفیشہ، عبد الرحمن زیدان اورڈاکٹر عبد الرزاق نے سفیر کی سربراہی میں آنیوالے مصری وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین