(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) صہیونی حکومت کے جنگی طیاروں نے شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے الکسوہ کو آٹھ بار بمباری کا نشانہ بنایا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فضائی حملے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ پورے علاقے میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ تاہم اب تک جانی و مالی نقصان کے حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق قاتل اسرائیلی فضائیہ نے جمعرات کی شب دمشق کے مضافاتی علاقے کو نشانہ بنایا اور متعدد میزائل فائر کیے۔ شام کے سرکاری ذرائع نے بھی حملوں کی تصدیق کی ہے لیکن مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔
واضح رہے کہ بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے شام میں ابو محمد الجولانی کی سرکردگی میں دہشت گرد گروہ قابض ہے اور اسی دوران صہیونی حکومت بارہا مختلف شامی علاقوں پر حملے کر کے اس ملک کی ارضی سالمیت کو پامال کر چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جولانی حکومت اس وقت قابض اسرائیل کے ساتھ ایک سکیورٹی معاہدے کے لیے مذاکرات کر رہی ہے ایسے میں فضائی حملوں میں شدت کو اس تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔