(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) گزشتہ روز ہونے والے سعودی کابینہ کے اجلاس میں مشرق وسطی کی تازہ ترین صورتحال پر غور کیا گیا،منامہ کانفرنس کےانعقاد سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ سعودی عرب ہر ممکنہ طور پر فلسطینی عوام کے حق آزادی کی اور خود مختاری کی حمایت کرتا رہے گا۔
کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدلعزیز کی سربراہی میں جدہ میں منعقد ہوا،اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب ہر صورت فلسطینی عوام کی آزادی اور خود مختاری کے لیے جاری جدوجہد کو سپورٹ کرتا رہے گا اور وہ اس بات پر مکمل یقین رکھتا ہے کہ خطے میں جاری بے چینی ،انتشار اور مایوسی کو ختم کرنے کے لیے مسئلہ فلسطین کا فلسطینی عوام کے امنگوں کے مطابق حل ہونا ضروری ہے۔
سعودی کابینہ نے اجلاس کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا کہ عرب لیگ کے تمام ممبران کے وزرائے خزانہ کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے گا،جو فلسطین نیشنل اتھارٹی کے لیے سو ملین ڈالر ماہانہ کا بجٹ جاری کرنے کے لئے کام کرےگا۔
کابینہ نے اجلاس میں سعودی ریاست کی فلسطین کاز کے ساتھ غیر مشروط وفا داری کو سراہا اورامید ظاہر کی کے آئندہ آنے والے وقتوں میں بھی سعودی ریاست اسی طرح فلسطینی عوام کی مدد پر کمربستہ رہے گی