مصر کی معروف الازھر یونیورسٹی کی جانب سے گزشتہ دنوں رفح بارڈر پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی سخت مذمت کی گئی اور کہا گیا ہے کہ سولہ مصری فوجیوں کی شہادت پر منتج اس حملے کا مقصد مصر اور محصور غزہ کے درمیان تعلقات کو خراب کرنا تھا۔
یونیورسٹی کا کہنا تھا کہ اس حملے کا مقصد صحرائے سینا کے حوالے سے سازشوں کو بڑھانا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ الازھر کو رفح میں ہونے والے اس دہشت گردی کے واقعے پر شدید افسوس ہے، گمراہ عناصر کی جانب سے کیے گئے اس حملے کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔ الازھر یونیورسٹی نے اس موقع پر صحرائے سینا کے تحفظ کے لیے بیدار ہونے اور متحد ہوکر تمام مشکلات کا مقابلہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان میں شہداء کے لیے دعائے مغرفت اور ان کے لیے جنت الفردوس اور پسماندگان کے لیے صبر کی دعا بھی کی گئی۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین