اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شوریٰ [پارلیمنٹ] کے اسپیکر علی لاری جانی نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اسرائیل کو مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کے خلاف اپنے جرائم کو آگے بڑھانے اور مقدسات پر قبضے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق علی لاری جانی نے منگل کے روز پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک میں اندرونی سطح پر جاری کشیدگی اور خلفشار اسرائیل کو اپنے جرائم فلسطینیوں کےقتل عام، مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ بیت المقدس کو اپنےغاصبانہ قبضے میں لینے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی بنیاد پر عالم اسلام اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر سکتے ہیں۔ علی لاری جانی نے فلسطینیوں کے خلاف صہیونی فوج کے جرائم کی شید مذمت کی اور فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت کی ہر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔