اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے ایک وفد نے عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین [پی ایف ایل پی] اور ‘فتح’ کے وفود کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ حماس کے وفد کی قیادت پولٹ بیورو کے سینئر رکن موسی ابو مرزوق نے کی۔
گذشتہ روز ہونے والی اس ملاقات میں حماس اور فتح نے مقاصد کے حصول تک فلسطین کی عوامی تحریک [اتنفاضہ] کی حمایت اور اسے جاری رکھنے پر زور دیا۔وفود نے اسرائیلی بستیوں کی تعمیر رکوانے، مسلمانوں اور عیسائیوں کے مقدس مقامات کی حفاظت جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں جماعتوں نے قومی مفاہمت کے حصول اور اسرائیلی تسلط کا مقابلہ کرنے کے لئے قومی کوششوں کو یکجا کرنے پر اتفاق کیا۔
دوسری ملاقات کے دوران حماس اور پی ایف ایل پی کی قیادت نے تنظیم آزادی فلسطین [پی ایل او] کی عبوری قیادت کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تاکہ اسرائیلی تسلط کا مقابلہ کرنے کے لئے متحدہ حکمت عملی تیار کی جا سکے
فریقین نے اسرائیل کے مسجد اقصیٰ اور فلسطینیوں پر جاری حملوں اور فلسطینی منظر نامے پر پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں جماعتوں نے مسجد اقصیٰ کے دفاع میں اسرائیل کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے والے فلسطینی نوجوانوں کی فوری سرپرستی کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں وفود نے بیان کیا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں بپا ہونے والا انتفاضہ اسرائیل کے بڑھتے ہوئے حملوں کا فطری ردعمل ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں وفود نے فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لئے غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کے مطالبے کا ایک مرتبہ پھر اعادہ کیا۔