رپورٹ کے مطابق حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے نہ صرف ریاستی دہشت گردی میں ہمارے کئی نوجوانوں کو شہید کردیا ہے بلکہ شہید ہونے والے کئی فلسطینیوں کے جسد خاکی بھی قبضے میں لے رکھے ہیں۔ فلسطینی عوام کی طرف سے صہیونی ریاست پر سخت دبائو آنا چاہیے۔ اس لیے کل جمعہ کو فلسطینی سڑکوں پر نکلیں اور اپنے شہداء کے جسد خاکی کے حصول کے لیے بھی احتجاج کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء کے جسد خاکی کو قبضے میں لینا نہ صرف شہداء کی توہین ہے بلکہ یہ پوری فلسطینی قوم کی توہین ہے۔ فلسطینی قوم اور تمام مزاحمتی تنظیمیں تحریک انتفاضہ القدس کو اس کے مقاصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔ حماس کا کہنا ہے کہ فلسطین میں جاری تحریک انتفاضہ قوم کے دفاع کی تحریک ہے۔ اس تحریک میں جانی نقصان اٹھانے کے باوجود فلسطینی قوم پسپائی اختیار نہیں کرے گی۔
حماس نے تمام فلسطینی شہریوں اور جامعات کے طلباء سے اپیل کی کہ وہ جمعہ کے روز اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف ہونے والے مظاہروں کو کامیاب بنائیں۔