(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں جنگ بندی کے کچھ ہی دیر بعد قاتل اسرائیلی فوج نے لبنان پر فضائی حملہ کر دیا۔
الجزیرہ نے المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی لبنان کے صیدا ضلع کے گاؤں الناجریہ میں قاتلانہ اسرائیلی حملے میں کم از کم ایک شخص شہید اور دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
گزشتہ دوپہر حماس اور غاصب اسرائیل کے درمیان جنگ بندی شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد سفاک صہیونی فوج نے لبنان کے جنوبی علاقے پر بمباری کی ہے۔خبر رساں ادارے نے بتایا کہ حملے کی جگہ پر شعلوں کو بجھانے کے لیے بڑی تعداد میں فائر ٹرک روانہ ہو رہے ہیں جبکہ ملحقہ المسیلہ روڈ کو وسیع نقصان کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق لبنانی صدر جوزف عون نے قابض فوج کی جانب سے رات کے وقت سویلین تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی ہے انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر جنوبی لبنان بلا جواز اور بلا عذر سفاکانہ صہیونی جارحیت کا نشانہ بنا ہے۔