(روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ) قابض اسرائیلی افواج نے جنوبی لبنان کے دو علاقوں پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں تین لبنانی شہری زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب حزب اللہ اور قابض اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ اب بھی نافذ ہے تاہم قابض ریاست کی جانب سے اس کی خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں۔
لبنانی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، ایک قاتلانہ اسرائیلی ڈرون نے جنوبی لبنان کے علاقے وادی جِیلو کے راستے پر الخزامی کے داخلی راستے پر ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں ایک شہری شدید زخمی ہوا جسے انسانی خدمات انجام دینے والی تنظیم "جمعیہ الرسالہ” کی ایمبولینس نے انتہائی نازک حالت میں ہسپتال منتقل کیا۔
اس سے قبل منگل کے روز ہی ایجنسی نے بتایا تھا کہ قابض اسرائیلی ڈرون نے بنت جبیل کے علاقے میں واقع دو قصبوں، تبنین اور حاریص، کے درمیان بمباری کی، جس کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم قرار دی گئی۔
منگل کی صبح قابض اسرائیلی فوج کی بکتر بند گاڑیاں جنوبی لبنان کے صوبہ النبطیہ کے ضلع بنت جبیل میں داخل ہوئیں جبکہ اس سے قبل علاقے میں قاتلانہ ڈرون طیاروں کی پروازیں غیر معمولی شدت کے ساتھ جاری تھیں۔
یاد رہے کہ نومبر 2024 میں حزب اللہ اور قابض اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تھا، تاہم قابض ریاست نے اس معاہدے کی اب تک چار ہزار پانچ سو سے زائد بار خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں لبنانی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔