اسرائیلی اخبار "ہارٹز” کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیرخارجہ جان کیری فلسطینی اور اسرائیلی قیادت کے رویے سے سخت مایوس ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن عمل آگے بڑھانا اب کسی بھی وقت کی قید سے آزاد ہونا چاہیے۔ امریکا نے امن بات چیت کو آگے بڑھانے کی پوری کوشش کی ہے مگر اب وقت آگیا ہے کہ امریکا اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان امن مذاکرات میں امریکا نے حدود کے اندر رہتے ہوئے موثر کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔
امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے ان خیالات کا اظہار مراکشی دارالحکومت رباط میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں فریقین کو مثبت انداز میں تعاون کرنا ہوگا۔ دونوں فریقوں کے تعاون کے بغیر امن بات چیت آگے نہیں بڑھ سکتی ہے۔ اس ضمن میں صدر باراک اوباما جلد اہم اقدامات کرنے والے ہیں۔